ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہماری جائیداد کی حفاظت کیلئے حصار بندی کی ہے: سابق مہارانی پرمودا دیوی وڈیر

ہماری جائیداد کی حفاظت کیلئے حصار بندی کی ہے: سابق مہارانی پرمودا دیوی وڈیر

Mon, 04 Jan 2021 11:34:47    S.O. News Service

میسورو،4؍جنوری (ایس او نیوز) شاہی محل میں میسورو کی سابق مہارانی پرمودا دیوی وڈیر نے بتایا کہ للیتا محل ہیلی پیڈ کے قریب واقع زمین پر حصار بندی کے معاملے میں چند لوگوں میں غلط فہمی پائی جارہی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ہماری جائیداد کی حفاظت کیلئے اس زمین کی حصار بندی کی ہے، گیٹ اور بورڈ نصب کیا ہے۔کسی راستے کی حصار بندی نہیں کی ہے۔چند لوگ صرف بے بنیاد باتوں کو پھیلا کر عوام میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اسی لئے ہم کو اس کی وضاحت کرنی پڑ رہی ہے۔

اس موقع پر تفصیلات پیش کرتے ہوئے سابق مہارانی نے بتایا کہ 1950میں اس وقت کی مرکزی حکومت اور میسوروکے مہاراجہ کے درمیان ہوئے معاہدے کے تحت میسور کے شاہی خاندان کو زمین دی گئی تھی لیکن تنازعہ 2010میں اس وقت شروع ہوا جب اس وقت کے میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنر ہرش گپتا نے میسور کے کربور ہلی، کی سروے نمبر 4، آلنہلی کی سروے نمبر 41اور چوڈا ہلی کی سروے نمبر 39 کی زمین کو "بی "خراب زمین کے طور پر اعلان کردیا یعنی یہ جائیداد حکومت کی ملکیت ہے۔ اور جب یہ معاملہ ڈی سی عدالت میں پیش ہوتا تو اس وقت کے ڈپٹی کمشنر پی یس وستراد نے تمام دستاویزات کا معائنہ کرنے کے بعد اس زمین کو حکومت کی ملکیت نہیں بلکہ ایک پرائیویٹ جائیداد یعنی شاہی خاندان کی ملکیت قرار دیا۔ ڈی سی وستراد نے اپنے ہی حکم نامے کو واپس لے لیا۔

ریاستی حکومت کی ہدایت پر میسور ضلع کی ڈپٹی کمشنر سی شیکھا نے اس معاملہ کی شنوائی کرتے ہوئے اس متنازعہ جائیداد کو حکومت کی ملکیت قرار دیا۔ اور ہم نیسال 2015میں ریاستی ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کو چیلنج کیا۔پھر عدالت نے تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد 19جون 2019کو فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کربور ہلی سروے نمبر 4، آلنہلی کی سروے نمبر41اور چوڈا ہلی کی سروے نمبر39کی زمین حکومت کی ملکیت نہیں بلکہ میسور کے شاہی خاندان کی ملکیت ہے۔ اس فیصلے کے بعد ریاستی حکومت نے عدالت کا دروازہ نہیں کھٹکھٹا یا اور اسی درمیان چند افراد اس زمین پر ناجائز قبضہ جمانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ اس لئے ہماری اس زمین کی مکمل حفاظت کیلئے ہم نے اس زمین کی حصار بندی کی ہے۔ چند افراد یہ افواہ پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ اب آئندہ کسی بھی موٹر گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ اسی لئے موٹر گاڑیوں کو اندر آنے سے روکنے کیلئے گیٹ بھی ڈالا گیا ہے۔

اس موقع پر پرمودا دیوی نے اعلان کیا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے اورنہ کسی موٹر گاڑی کو روکا نہیں جائیگا۔ہیلی پیڈ پر پہنچنے کیلئے کافی جگہ موجود ہے۔ کوئی بھی آسانی کے ساتھ ہیلی پیڈ پر پہنچ سکتا ہے۔ ہیلی پیڈ کیلئے جگہ کو استعمال کرنے سے انہیں کوئی اعتراض بھی نہیں ہے۔ سیاست میں داخلے کے تعلق سے کئے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق مہارانی نے بتایا کہ وہ فی الحال سیاست میں داخل ہونا نہیں چاہتیں۔


Share: